نابلس،3اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی پارلیمنٹ کے ایک منتخب رکن حسنی البورینی کو حراست میں لینے کے چند گھنٹے کے بعد رہا کردیا۔مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق رکن پارلیمنٹ حسنی البورینی کو اسرائیلی فوج نے شمالی شہر نابلس کے حوارہ مرکزی کیمپ کے قریب سے حراست میں لیا جہاں انہیں اسی کیمپ میں پوچھ گچھ کے لیے منتقل کردیا گیا تھا۔قبل ازیں قابض فوج نے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے پارلیمانی بلاک اصلاح وتبدیلی کے رکن حسنی البورینی کو بدھ کو علی الصباح العصیرہ قصبے سے حراست میں لیا تھا جس کے بعد انہیں حراستی مرکز منتقل کردیا گیا۔ادھر کل بدھ کو اسرائیلی فوج نے 13 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے شہریوں میں یہودی آباد کاروں اور قابض فوجیوں پر سنگ باری میں ملوث اہلکار بھی شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چار فلسطینیوں کو رام اللہ کے نواحی علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ایک شہری کی گرفتاری صفا قصبے سے عمل میں لائی گئی۔ دو کو سلواد سے اورایک کو البیرہ سے گرفتار کیاگیا۔ ایک شہری سلفیت، دو نابلس میں قریت اور ایک کو بیت لحم کے تقوع قصبے سے گرفتار کیا گیا۔اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے کارکنان بھی شامل ہیں۔